ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسمبلی انتخابات کی گہماگہمی زور و شور کے ساتھ جاری؛ 7؍ اپریل کو راہول گاندھی کا پھر ہوگا کرناٹک دورہ

اسمبلی انتخابات کی گہماگہمی زور و شور کے ساتھ جاری؛ 7؍ اپریل کو راہول گاندھی کا پھر ہوگا کرناٹک دورہ

Fri, 30 Mar 2018 01:14:51    S.O. News Service

بنگلورو۔29؍مارچ(ایس او نیوز) کرناٹک میں انتخابات کا اعلان ہوتے ہی پوری ریاست میں انتخابی گہما گہمی زور ہوگئی ہے اور لیڈران اپنی اپنی پارٹی کے حق میں پروگرام منعقد کررہے ہیں۔ اسی طرح کا ایک پروگرام اب ضلع چتردرگہ میں مورخہ 7/اپریل کو رکھا گیا ہےجس میں کانگریس صدر راہول گاندھی بھی شرکت کررہے ہیں۔ 

  ریاستی وزیر برائے سماجی بہبود ایچ آنجنیا نے بتایاکہ صدر کانگریس راہول گاندھی 7؍ اپریل کو چترادرگہ ضلع کا دورہ کریں گے اور ہوللکیرے میں منعقد ہونے والے جلسۂ عام سے مخاطب ہوں گے۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آنجنیا نے بتایاکہ کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور اوروزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے کل ضلع انچارج وزراء کے ساتھ جو میٹنگ طے کی گئی اس میٹنگ کے دوران کسی وزیر کی طرف سے ان سے ناراضگی کا اظہار کئے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چترادرگہ میں کانگریس پارٹی پوری طرح متحد ہے، آنے والے دنوں میں متحد ہوکر اس ضلع میں پارٹی کو اور بھی مضبوط کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ فلم اداکار ششی کمار اور بھاؤنا چترادرگہ ضلع کے مختلف حلقوں سے ٹکٹ طلب کررہے ہیں ، یہ فیصلہ پارٹی اعلیٰ کمان کی طرف سے لیا جائے گا۔

پسماندہ طبقات کا مطالبہ: اس دوران پسماندہ طبقات کی نمائندگی کرنے والے کے پی سی سی پسماندہ طبقات شعبے کے صد رایم ڈی لکشمی نارائن نے کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی پسماندہ طبقات کو زیادہ نمائندگی فراہم کرے۔ کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور اسکریننگ کمیٹی چیرمین مدھو سودھن مستری اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو اگر زیادہ موقع دیا گیا تو ریاست کی 52 فیصد آبادی پر مشتمل پسماندہ طبقات کانگریس کی اور بھی کھل کر حمایت کرسکتے ہیں۔ 
 


Share: